انوشکا شرما کی دوران حمل یوگا کرتی تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل‘

یوگا ایک سکون آور جسمانی ورزش ہے اور دنیا بھر میں خود کو فٹ رہنے کا یہ طریقہ خاصا مقبول ہے لیکن چند دن پہلے بالی وڈ سٹار انوشکا شرما نے جب اپنے انسٹاگرام پر اپنی یوگا کرتی ایک تصویر کو شیئر کیا تو انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اس تنقید کی ایک وجہ شاید انوشکا کا حاملہ ہونے کے باوجود یوگا کرنا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے دوران حمل اتنی مشکل ورزش کرنے پر نہ صرف سوال اٹھائے بلکہ انوشکا کو نت نئے مشورے بھی سُننا پڑے۔ شیئر ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا سر کے بل الٹی دیوار کے ساتھ لگی ہیں جبکہ ورات کوہلی ان کی ٹانگوں کو سہارا دیے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر ورات کوہلی کے ہاں جنوری میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور اس وجہ سے بھی یہ جوڑا آج کل شہ سرخیوں میں ہے۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس ورزش کی وضاحت کرتے ہوئے انوشکا کا کہنا تھا کہ یہ ورزش (سر کے بل الٹا ہونا) سب سے مشکل ہے۔ ‘کیونکہ یوگا کرنا میری زندگی کا ایک بڑا حصہ ہے اس لیے میرے ڈاکٹر نے تجویز کیا ہے کہ میں وہ ورزشیں کر سکتی ہوں (حاملہ ہونے کی مخصوص مدت کے بعد) جو کہ میں حاملہ ہونے سے پہلے کر رہی تھی۔ انھوں نے کہا تاہم میں ایسا مناسب اور ضروری سپورٹ کے ساتھ ہی کر سکتی ہوں۔

حمل کے دوران خواتین کو خوراک اور ورزش کے متعلق کئی مفت مشورے سننے کو ملتے ہیں، جن میں سے اکثر غلط فہمی پر مبنی ہوتے ہیں۔

اسی بارے میں ہماری ساتھی نازش ظفر نے اپنی ایک تحریر میں حاملہ خواتین کو ملنے والے مشوروں کی حقیقت جاننے کے لیے ماہرین کی مدد لی۔

بی بی سی نے اسلام آباد میں واقع خواتین کے لیے مخصوص ایک ایسے جم کا دورہ کیا تھا جہاں حاملہ خواتین کے لیے یوگا کی خصوصی کلاس منعقد کی جاتی ہے۔

اس بارے میں کہ آیا ورزش کرنے سے حمل گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کے بارے میں ماہرین کی رائے یہی ہے کہ اسقاط حمل کسی مخصوص حالت میں ہی ہوتا ہے اور پہلی سہہ ماہی میں ورزش نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔ اس پر آپ کے معالج کا مشورہ ہی درست مانا جائے گا۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ نے پہلے کبھی ورزش نہیں کی تو حمل کے دوران بھی نہ شروع کریں۔

ماہرین کے مطابق حمل کے دوران پیٹ کی سخت ورزش نہ کریں لیکن جسم کو حرکت میں رکھنا ضروری ہے، اس کے لیے سٹریچ اور چہل قدمی ضرور کریں۔ اسی بارے میں مزید جاننے کے لیے ہماری یہ ڈیجیٹل ویڈیو دیکھیے جسے پہلی بار 16 مارچ 2019 کو شائع کیا گیا تھا۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.