بریکنگ نیوز: وزیرِ اعظم عمران خان کا گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا اعلان

گلگت (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینےکا اعلان کردیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب اور آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو جمہوری کہنے والے پاکستانی فوج اور عدلیہ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں،پہلے ہی کہہ دیاتھا کہ تیس سال سے اس ملک کو لوٹنے والے ایک ہوجائیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن سے لوٹا جانے والا پیسہ معاف کر دیا جائے، یاد رکھیں عمران خان این آر او نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وزیرِ اعظم رہوں گا یکم نومبر کا دن آپ کے ساتھ گزاروں گا، میں 15سال کی عمر میں گلگت آیا تو قراقرم ہائی وے بن رہی تھی، وزیرِ اعظم بننے کا ایک نقصان یہ ہوا کہ میں یہاں ٹریکنگ نہیں کر سکتا۔عمران خان کا کہنا ہے کہ گلگت کے پیکیج پر الیکشن کی وجہ سے بات نہیں کر سکتا، ہماری پالیسی ہے کہ غریبوں کو اوپر لایا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کے دوران یومِ آزادی کی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان دنیا کے 2 بلند ترین نیشنل پارکس نانگا پربت اور ہمالیہ نیشنل پارک کا دورہ کریں گے۔ گلگت بلتستان میں دونوں نیشنل پارکس ساڑھے 4 ہزار مربع کلو میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو نیشنل پارکس میں درختوں اور جنگلی حیات کی حفاظت پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.