بریکنگ نیوز:پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو بند کرنے کا عندیہ دے دیا

لاہور (ویب ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا ہے کہ جب دیکھا میٹرو ٹرین نقصان میں جارہی ہے، وہیں روک دی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب کھچی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو ٹرین کا افتتاح 25 اکتوبر کو کیا جائے گا، جبکہ 26 اکتوبر سے

میٹرو ٹرین سروس عام شہریوں کے لیے کھول دی جائے گی ۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ایک چکر میں 14 ہزار سے 16 ہزار روپے تک بجلی کا بل آئے گا۔ جب دیکھا کہ ٹرین نقصان میں جا رہی ہے اسی وقت سروس بند کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 50 روپے تجویز کیا تھا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سبسڈی دیتے ہوئے میٹرو ٹرین کا کرایہ 40 روپے رکھا ہے۔جہانزیب کھچی نے مزید کہا کہ اورنج لائن سروس کے فعال ہونے کے بعد ہر سٹاپ سے رائڈرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا جس کے بعد دیکھا جائے گا کہ مزید سبسڈی دی جائے گی یا نہیں۔ ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ٹرین کا کرایہ 40 روپے ہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ اورنج لائن ٹرین کو سولر پاور پر منتقل کردیں تاکہ عوام کو مزید سبسڈی مل سکے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی میجر جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر کوبھی مدعو کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے میجر جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر کو بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح 25 اکتوبر کو ہوگا۔ میٹرو ٹرین 26 اکتوبر سے لاہور کے رہائشیوں کو سفری سہولیات مہیا کرے گی۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.